شوہر کے بے نمازی ہونے پر مایوس سعودی بیوی نے شادی کے پانچ دن بعد طلاق لے لی۔
ریاض: (یس اُردو) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی ایک خاتون نے شادی کے صرف پانچ دن بعد اپنے شوہر سے طلاق لے لی ہے کیونکہ موصوف نماز کے پابند نہیں تھے۔ تفصیلات کے مطابق شادی کے بعد جب خاتون کو پتہ چلا کہ اس کا شوہر صوم وصلواۃ کا پابند نہیں ہے اور اور نہ ہی اس کا مزاج دینی پایا جاتا ہے تو اس نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خلع کا اعلان کر دیا۔ اس خاتون کے فیصلے سے سوشل میڈیا پر زبردست بحث چھڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ افراد نے سعودی خاتون کے اس فیصلے کو درست قرار دیا ہے جبکہ بعض نے اس فیصلے کی مخالفت کی ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اگر اس خاتون نے محسوس کیا تھا کہ اس کا خاوند دیندار نہیں، تو اسے چاہیے تھا کہ وہ اسے خود کو درست کرنے کا موقع دیتی۔ اس خاتون نے بہت جلد بازی میں فیصلہ کیا۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ شادی ایک اہم رشتہ ہے۔ دونوں میاں بیوی کے درماین ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنا ہی ازدواجی زندگی کو خوشگوار بناتا ہے۔ ایسے کئی لوگ ہیں جو نماز پنجگانہ ادا کرتے ہیں لیکن اپنی بیویوں کے ساتھ بہتر حسن سلوک روا نہیں رکھتے۔ خاتون کو جلد بازی سے کام نہیں لینا چاہیے تھا۔