لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے عمرہ اور سنت اعتکاف کی ادائیگی کے بعد پاکستان واپسی پر جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کی شدید مذمت کی اور اس اعلان کو مسترد کردیا۔
Will create a website to expose looted wealth and rule assets; Saraj ul Haq
سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے ظالمانہ فیصلے کیخلاف 9 جولائی کو امریکی سفارتخانے کی طرف احتجاجی مارچ کرینگے، جے آئی ٹی فیصلے کے بعد بیرونی بنکوں میں موجود ملکی دولت پاکستان لائیں گے، کرپٹ حکمرانوں نے قومی دولت لوٹ کر بیرون ملک انبارلگا لیے ہیں، لوٹی گئی دولت اور موجودہ و سابقہ حکمرانوں کے اثاثوں کو بے نقاب کرنے کیلیے جماعت اسلامی ویب سائٹ بنائے گی، کرپشن اور کرپٹ حکمرانوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلیے عوام ہمارا ساتھ دیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سب سے بڑا دہشت گرد خود امریکا ہے جو بھارت اور اسرائیل کی سرپرستی کررہا ہے، امریکا کشمیر کی تحریک آزادی کو ختم کرنے کیلیے کھل کر سامنے آگیا ہے۔ دنیا کی استعماری اور سامراجی قوتوں نے اسلامی تحریکوں کو ہدف بنا رکھا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹرمپ نے محض مودی کی خوشنودی کیلیے حریت پسند سید صلاح الدین کو دہشت گرد قرار دیا ہے، ہماری خارجہ پالیسی پہلے دن سے امریکی مفادات کے گرد گھومتی رہی ہے، حکمران امریکی ڈکٹیشن پر فیصلے کرتے ہیں، اپنی مظلوم قوم کی آزادی کیلیے لڑنے والا سید صلاح الدین کروڑوں پاکستانیوں کا ہیرو ہے۔