مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کا کہنا ہے کہ بے عزتی کےبعد معافی کا مطلب ہےکہ دوسرے رکن کو بھی بے عزتی کی شہہ دی جائے، امداد پتافی کو معطل ہونا پڑے گا۔
’ انہوں نے مزید کہا کہ ’جیو نیوز‘ نے ساری دنیا کو بتایاکہ اسمبلی کا فلور مقدس ہے، وہاں ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں ،صوبائی وزیر امداد پتافی نے سندھ کی بیٹی کی بے عزتی کی ہے،ایک دن بے عزت کرکے دوسرے دن معافی مانگ لیں تو کیسے ممکن ہے کہ میں معاف کردوں ۔نصرت سحر عباسی کا کہنا ہے کہ پتہ چل گیا امداد پتافی کا مائنڈ سیٹ کیا ہے، ایسے لوگوں کے مائنڈ سیٹ سمجھیں اور انہیں ایکسپوز کریں، میرے پاس بہت دروازے ہیں، اب میں انہیں کھٹکھٹاؤں گی۔انہوں نے کہا کہ ان میں شرمندگی کا انداز تو کہیں نہیں دکھائی دے رہا،ایسے گندے الفاظ کہے جو ساری دنیا نے سنے، مجھ پر میری فیملی کا بھی دباؤ ہے۔نصرت سحر نے مزید کہا کہ اگر خدانخواستہ آصفہ یا بلاول کو کوئی ایسا کہے تو کیا وہ اسے معاف کریں گے،میرا دل اتنا دکھا ہے کہ میں کسی صورت معاف نہیں کروں گی۔انہوں نے بتایا کہ امداد پتافی نے تو اپنے ووٹرز کو بھی شرمندہ کر دیا، مجھے ان کے حلقے کے ووٹرز کا فون آیا کہ وہ شرمندہ ہیں کہ اس شخص کو ووٹ دیا ۔نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ پوری سندھ دھرتی کے لوگ میرے ساتھ ہیں، وہی فیصلہ کریں گے،اب تو میں ماؤں بہنوں کے لیےمثال قائم کروں گی۔