سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ قطر کو پیش کیے گئے مطالبات سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ دوسری جانب قطر نے انہیں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ تو الجزیزہ ٹیلی وژن بند کیا جائے گا اور نہ ہی ترک فوجی بیس کا خاتمہ ہوگا۔
سعودی وزیر خارجہ عادل الجبير نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ قطر کے سامنے رکھے گئے مطالبات ’ناقابل سمجھوتہ‘ ہیں۔ دوسری جانب قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ وہ ان میں سے زیادہ تر مطالبات کو مسترد کرتے ہیں لیکن وہ ان مطالبات کے حوالے سے مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ قطری وزیر خارجہ کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی جانب سے مطالبات منوانے کے حوالے سے الٹی میٹم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے نہیں دیا گیا بلکہ یہ قطر کی حاکمیت کو کچلنے کے لیے دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو الجزیزہ ٹیلی وژن بند کیا جائے گا اور نہ ہی ترک فوجی بیس کا خاتمہ ہوگا۔