کراچی: مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ وہ آصف زرداری سے اپوزیشن کے گرینڈ الائنس پر بات کریں گے۔
کراچی میں معروف سماجی کارکن عبدالستارایدھی کے انتقال پر ان کے صاحبزادے سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ موجودہ حالات میں آصف زرداری گھبرانے والے نہیں، ماضی میں بھی انہوں نے بڑے بُرے وقت دیکھے ہیں، انہوں نے دس سال جیل کاٹی ہے، وہ آج شام آصف زرداری سے ملاقات کریں گے، جس میں اپوزیشن کے گرینڈ الائنس سمیت مختلف موضوعات پر بات ہوگی۔دبئی میں سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے مسلم لیگ (ق) کے صدر نے کہا کہ دبئی کی سیاست چلتے رہے گی کیونکہ اب بھی کئی بڑے سیاست دان وہاں موجود ہیں۔چوہدری شجاعت نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پاکستان کا سرمایہ تھے قوم ان کی خدمات کو صدیوں یاد رکھے گی، ان کی لال مسجد آپریشن کے وقت ایدھی صاحب سے اسلام آباد میں ملاقات ہوئی تھی۔ ایدھی صاحب کی ملک کے لئے ناقابلِ فراموش خدمات ہیں، ان کے انتقال کے وقت میں پاکستان میں نہیں تھا اس لئے تعزیت میں تاخیر ہوئی۔