اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ دوہری شہریت رکھنے والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ برطانیہ کے دورے پر موجود وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا معاشی چارٹ بڑا واضح ہے، 120 برطانوی کمپنیاں پاکستان میں کام کر رہی ہیں، چاہتے ہیں مزید برطانوی کمپنیاں پاکستان میں کام کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے پاکستانیوں کو بیرون ملک جا کر نوکری نہ کرنی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ آرڈیننس لانا چاہیے کہ تین ماہ میں لوگ اپنے پیسے ثابت کر دیں ورنہ سارے حکومتی خزانے میں شامل ہو جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست کے قوانین پر عمل درآمد کرنا ہوتا ہے، ہم نے پہلی مرتبہ پُرتشدد گروپوں پر ہاتھ ڈالا ہے۔ اٹھارہویں ترمیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے آئین میں 100 سے زائد ترامیم کی گئیں، اٹھارویں ترمیم میں کئی چیزیں اچھی اور کچھ بُری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قبرستان جیسی خاموشی نہیں ہونی چاہیے بلکہ مسائل پر بات ہونی چاہیے، میرا نقطہ نظر جارحانہ ہوتا ہے اس لیے اپوزیشن بھی روٹھی رہتی ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم متفقہ طور پر ہو سکتی ہے، جب تک پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ اکٹھی نہیں ہوتیں تو اس وقت تک آئین میں ترمیم نہیں ہو سکتی۔ سابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اعظم سواتی کے مستعفی ہونے سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ گائے کے معاملے پر وزیر نے استعفیٰ دیا، ایسا کلچر صرف پی ٹی آئی میں ہے۔