مری: پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی جنگ پاکستان لڑ رہا ہے: خاقان عباسی کا لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے یوم تاسیس پر خطاب
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لارنس کالج گھوڑا گلی کے یوم تاسیس پر خطاب کرتے ہوئے کہا ملک کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ہماری کوشش ہے کہ جمہوری اقدار کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا جمہوریت پنپتی رہے تو ملک ترقی کرتا ہے، دہشت گردی کے خلاف ہماری مسلح افواج پوری دنیا کے امن کے لیے جنگ لڑ رہی ہیں، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ہزاروں جانیں قربان کیں۔ وزیراعظم نے لارنس کالج کے ترقیاتی کاموں کے لیے 200 ملین روپے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ لارنس کالج نے اچھے انسان بنائے، 42 سال پہلے اسی کالج سے تعلیم حاصل کی، انہوں نے قائد اعظم شیلڈ کی ونر ٹیم کو مبارکباد دی۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کالج نے اچھے طالب علم ہی نہیں اچھے انسان بھی معاشرے کو فراہم کیے، ہمارے زمانے میں تعلیم پر کم اور کھیل پر زیادہ توجہ ہوتی تھی۔