لندن ; سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ میں جیل جانے کے لیے تیار ہوں۔ لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے ایک ایسے کام کا جھنڈا اُٹھا لیا ہے جسے پچھلے 70 سال سے
کسی نے کیا تو پھر ڈرنا کیسا؟ آخری گیند تک مقابلہ کرنا چاہئیے اور ہم آخری گیند تک ہی لڑیں گے۔احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے محفوظ فیصلے پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ جس طرح ہمارا ٹرائل کیا گیا سب کے سامنے ہے، ہم نے 100 سے زائد پیشیاں بھُگتی ہیں، اب بھی پاکستان واپس جائیں گے۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ الیکشن سے پہلے واپس جائیں گی؟ جس پر مریم نوازنے کہاکہ انشاءاللہ الیکشن سے پہلے پاکستان میں ہوں گی۔سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی طبیعت سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والدہ کی کل سرجری ہوئی ، وہ جلد ہی ہوش میں آجائیں گے۔یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ گذشتہ روز محفوظ کیا جو 6 جولائی بروز جمعہ کو سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت نے فیصلے کے دن سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سمیت تمام ملزمان کو عدالت میں طلب کر رکھا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس کیس کے فیصلے کے لیے نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے یا نہیں اس حوالے سے لندن میں مشاورت کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔میڈیا ذرائع نے بتایا کہ
نواز شریف نے لندن سے پاکستان واپسی سے متعلق اپنے قانونی ماہرین اور قریبی رفقا سے مشاورت شروع کر دی ہے۔ میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف احتساب عدالت میں ریفرنس کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد پاکستان لوٹیں گے اور سزا ہونے کی صورت میں پاکستان آمد پر ائیر پورٹ پر ہی گرفتاری دے دیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت اب پہلے سے بہتر ہے لیکن مریم نواز کو والدہ کے علاجکے لیے لندن ہی میں ٹھہرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔