تحریر : ایم سرور صدیقی
میرا ایک بہت پیارا سا دوست ہے ارشد عالم کئی سال پہلے جب وہ بھارت یاترا گیا تو اس نے” خاردار تارکے اس پار”ایک سفرنامہ بھی لکھا تھا یہ کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے۔۔۔ایک بار میں اس سے ملنے گیا تو اس کے ہاتھ میں چملیکی سی چھوٹی سی کتاب تھی جسے وہ پڑھ پڑھ کر خوش ہورہا تھا مجھ پر نظر پڑتے ہی اس نے وہ کتاب ایسے چھپانے کی کوشش کی جیسے کوئی بچہ کھلونا چھن جانے کے خوف سے سہم سہم جاتاہے میں نے پو چھا یہ کیاہے؟
”کچھ بھی تو نہیں ۔۔۔اس نے جواب دیا
”پھر بھی ۔۔۔ میں نے استفسار کیا
”تم میرا مذاق اڑائو گے ارشد بولا
”نہیں یار۔۔۔میں نے کہاہو سکتاہے تم مجھے حیران کردو۔۔۔اورپھر اس نے مجھے واقعی حیران کردیا کہنے لگا یہ میری خواہشات کی کتاب ہے پورا سال میرے دل میں جو خواہشات جنم لیتی ہیں میں لکھتا رہتاہوں۔پھر میں ان میں سے قابل ِ عمل کا انتخاب کرتاہوں خواہشات کی تو کوئی انتہا نہیں بادشاہ بھی اپنی تمام خواہشات پوری نہیں کرسکتا لیکن ہر سال مجھے ایک ٹارگٹ ۔۔ ایک ہدف۔۔ ایک چیلنج درپیش ہوتاہے زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے یہ ضروری ہے ۔۔میں دلچسپی سے اس کی باتیں سن رہاتھا اور ارشد بولے چلا جارہا تھااس نے کہا یار کبھی سوچاہے!خواہش۔۔امیدکی پہلی سٹیج ہوتی ہے جس شخص کے دل میں خواہشات جنم نہیں لیتی میں دعوے سے کہہ سکتاہوں وہ زندگی کے میدان میں آگے نہیں بڑھ سکتادنیا میں آج تلک جتنی بھی ترقی ہوئی ہے اس کے پیچھے خواہشات کا عمل دخل ضرو رہے انسان نے ا ڑنے کی خواہش میں جہاز ایجاد کر لیا۔۔۔ میںنے کہا غالب نے کیا کمال کی بات کی ہے
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے
”ہاں۔۔۔اس نے سرہلاتے ہوئے جواب دیا بعض اوقات ہمارے دل میں کئی خواہشات ایسی پیدا ہوتی ہیں جو لوگوںکو معلوم ہو جائیں تو ہم کسی سے نظریں ملاکر بات کرنے کے قابل بھی نہ رہیں۔ کئی مرتبہ ایسی ایسی خواہشات کہ ہم خود دل ہی دل میں شرمسارہوجاتے ہیں بسا اوقات ہمیں خود حیرت ہوتی ہے کہ ہمارے دل میں ایسی فضول، بیہودہ اور عجیب و غریب خواہشات کیونکر در آتی ہیں؟۔۔۔ کبھی کبھی سو چتاہوں کیا خواہشات تتلیوںکی مانندہوتی ہیں کبھی پکڑی جاتی ہیں کبھی ہم ان کے پیچھے بھاگتے بھاگتے تھک جاتے ہیں کبھی تتلیاںپکڑتے پکڑتے ہاتھ سے چھوٹ جاتی ہیں اور ہم حسرت سے انہیں اپنی دسترس سے دور ہوتا دیکھتے ہیں بہرحال خواہشات کو ترقی کا نقطہ ٔ آغاز کہا جا سکتاہے سیانے کہتے ہیں مثبت سوچ سے اچھی خواہشات جنم لیتی ہیں لیکن اس کا کیا کریں
اب تو ہم نے اپنے دلوںکو خواہشات کا قبرستان بنا رکھاہے ایک دوڑ لگی ہوئی ہے اچھی ،بری اور بدترین خواہشات نے دنیا کو اسیر کررکھاہے اور آنکھیں بند کرکے بیشتر لوگ اس کے حصول میں لگے ہوئے ہیں اس کیلئے جائز ،ناجائز ۔۔حلال حرام۔۔ اچھائی برائی میں تمیز ختم ہوکررہ گئی ہے صرف ہم جیسے دنیا دارہی اس دوڑ میں شامل نہیں غور کریں تو حیرت ہوتی ہے کیسے کیسے عزت داروں کو خواہشات نے رول کررکھ دیاہے پھر بھی کوئی سبق حاصل کرتاہے نہ عبرت ۔۔یہی سچائی ہے خواہشات کی تو کوئی انتہا نہیں ہوتی بادشاہ بھی اپنی تمام خواہشات پوری نہیں کرسکتا یہ بات تو بہت مشہورہے کہ ہر چیز کے دو رخ ہوتے ہیں دوپہلو ہماری پرابلم یہ ہے کہ ہم نے ایک پہلو کو اپنی زندگی پر حاوی کرلیاہے اور چا ہتے ہیں دوسرے بھی ہمارے نقطہ ٔ نظرسے سوچیں جب بھی کوئی’ خیر’ کو چھوڑ کر’ شر’کو اپنائے گا مسائل کا جنم لینا فطری بات ہوگی جو خواہشات کو ایک ٹارگٹ ۔۔ ایک ہدف۔۔ ایک چیلنج سمجھتاہے کچھ نہ کچھ ضرور حاصل کر لے گا اس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ دنیا میں آج تلک جتنی بھی ترقی ہوئی ہے
اس کے پیچھے خواہشات کا عمل دخل ضرو رہے۔ خواہشوں کا جنم لینا فطری اور قدرتی امرہے اس طرح دل میں خواہشیں پالنا شہد کی مکھیاں پالنے کی مانندہے ترقی کی خواہش،آگے بڑھنے کی خواہش، دوسروںکے کام آنے کی خواہش،اپنے حالات بدلنے کی خواہش، غربت،جہالت ختم کرنے کی خواہش ۔۔ سب کے دل میں موجزن ہونی ناگزیرہے یہی خواہشیں تو زندگی کی علامت ہیں۔اسے دنیا کا حسن بھی کہا جا سکتاہے میرے دوست ارشد کو ایسی ہی خواہشوں سے عشق ہے اور عشق کرنے والے ہر پل مضطرب رہتے ہیں جب جینے کی خواہش ختم ہو جائے تو انسان کی فیزیکل موت واقع ہو جاتی ہے محض کندھوںپر اپنا لاشہ اٹھائے پھرنا زندگی تو نہ ہوئی نا۔۔ خواہشوں کو حقیقت کا روپ دینے کیلئے صندل کی طرح سلگنا پڑتاہے ایک پتے کی بات بتائوں نیک خواہشات صدقہ ہوتی ہیں اور صدقہ بلائوں کو کھا جاتاہے
میرے وطن کے نو جوانوں میں قوت برداشت کم اور مایوسی بڑھتی جارہی ہے حالات نے انہیں عجب دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے پڑھ لکھ کر بھی ملازمت ملنا جوئے شیر کے مترادف ہے شاید اکثریت کا مطمع ٔ نظر ملازمت ہی ہے لیکن تجربے کی بات یہ ہے کہ اپنا کاروبارکرنے والے بہت جلد کامیاب ہو جاتے ہیں چھوٹے سے چھوٹا کاروبار بھی ملازمت سے کہیں بہترہے نہ عزت ِ نفس مجروح ہونے کا ڈر نہ چھٹی کی در خواست۔۔۔ آج پاکستان میں نہ جانے کتنے لوگوں کی آنکھوں میں خواب ہیں سب ترقی کرنا چاہتے ہیں امید ،ناامیدی کے درمیان ایک خوف حائل ہے یقین جانئے یہ خوف آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا جوخواہشات کے پل صراط پر کھڑے ہوکر چمکیلی کتابیں لکھ رہے ہیں ایک شاندار مستقبل ان کا منتظرہے جائز ،ناجائز ۔۔حلال حرام۔۔ اچھائی برائی میں تمیزان کیلئے امتحان ہے دیکھتے ہیں کون کون سرخرو ہوتاہے۔
تحریر : ایم سرور صدیقی