لاہور (یس ڈیسک) ایاز صادق نے الیکشن ٹربیونل میں بیان قلمبند کرا دیا، کہتے ہیں الیکشن صاف اور شفاف ہوا دوبارہ گنتی کے بعد ساڑھے آٹھ ہزار ووٹوں سے فتح ملی، ایک سو اٹھائیس دن میڈیا ٹرائل ہوا، پچاس برس پہلے عمران خان کو ہاکی لگ گئی، وہ آج تک نہیں بھول رہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق الیکشن ٹربیونل لاہور پہنچے تو مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کی۔
سردار ایاز صادق بیان قلمبند کرانے الیکشن ٹربیونل پہنچے تو مسلم لیگ ن کے جوشیلے کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اندر چلی گئی جس پر الیکشن ٹربیونل کے جج نے سماعت سے انکار کر دیا اور کارکنوں کو باہر جانے کا حکم دیا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایک سو اٹھائیس روز میڈیا ٹرائل کیا گیا لیکن ثبوت نہیں پیش کیا گیا۔ فیصلے شواہد و ثبوت پر ہوتے ہیں ، خواہشات پر نہیں کیے جاتے۔ سردار ایاز صادق نے بتایا کہ پچاس برس پہلے ان سے عمران خان کے چہرے پر ہاکی لگ گئی تھی یہ بات انہوں نے ابھی تک دل میں رکھی ہوئی ہے۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی طرح روز فیصلے نہیں سنائیں گے بلکہ الیکشن ٹربیونل اس کیس کا فیصلہ سنائے گا اور وہ کامیاب ہوں گے۔