مانامہ (ویب ڈیسک) بحرین میں ہائی وے پرچلتی گاڑی پر سرِعام رقص کرنے والی خاتون کو جیل کی سزا سنادی گئی ۔ خاتون کی چلتی گاڑی سے ویڈیو بنا کر شہری نے سوشل میڈیا پر شیئرکردی تھی ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی عدالت نے 30 سالہ خاتون کو عوامی مقام پر غیر مہذب عمل کے جرم میں 2 ہفتے قید کی سزا سنائی ہے۔ عوامی مقام پر سرِ عام ڈانس کرنے پر خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا اور دوران تفتیش مجرمہ نے اپنے جرم کا اعتراف کیا۔بتایا گیا ہے کہ فریقین کے دلائل اور تمام تر ثبوتوں کی بنیاد پر فیصلہ دیتے ہوئے خاتون کو 14 دن قید کی سزا سنائی۔ نجی ٹی وی نیوز کے مطابق خلیجی ریاستوں اور عرب ممالک میں سڑکوں پر ڈانس کرنا قابل سزا جرم ہے ، عوامی مقام پر رقص کرنے والے مرد و خواتین کو جرمانے کے ساتھ ساتھ قید کی سزا بھی دی جاتی ہے۔