بنگلورو: بھارت میں ہندو انتہا پسندی سے برسرپیکار خاتون صحافی کو گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں نامعلوم افراد نے 55 سالہ صحافی گوری لنکیش کو گولی مار کر قتل کردیا۔ گوری لنکیش بائیں بازو کے نظریات کی حامل معروف صحافی اور ہفت روزہ اخبار لنکیش پتریکے کی ایڈیٹر تھیں۔ وہ بھارت میں بڑھتی انتہا پسندی کے خلاف بھی سرگرم عمل تھیں۔
پولیس کو بنگلورو میں گوری کے گھر کے باہر خون میں لت پت ان کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق گوری گزشتہ شب دفتر سے گھر واپس آئیں اور گاڑی سے اتر کر گھر میں داخل ہورہی تھیں کہ اتنے میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار حملہ آور ان پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ گوری کو سینے اور سر میں گولی لگی۔ وزیراعلیٰ کرناٹک نے گوری کے قتل کو جمہوریت کا قتل قرار دیا ہے۔ گذشتہ سال بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ پراہلاد جوشی نے مضمون شائع کرنے پر گوری پر ہتک عزت کا دعوی کیا تھا جس میں انہیں 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم انھوں نے فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی اور ضمانت پر رہا تھیں۔گوری کا تعلق معروف خاندان سے تھا اور ان کے والد شاعر و ادیب تھے جب کہ فلم ساز کویتا لنکیش ان کی بہن ہیں۔ بھارت میں انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق ہندو انتہاپسند افراد اپنے مظالم کیخلاف آواز بلند کرنے والے صحافیوں کو چن چن کر قتل کررہے ہیں۔ اس سے قبل معروف اسکالر ایم کلبرگی، انتہا پرستی کے خلاف سرگرم کارکن نریندر دابھولکر اور سیاست دان گووند پانسرے کو بھی ہلاک کیا جا چکا ہے۔