بارسلونا (ممتاز منیر) خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مسلم لیگ ق سپین خواتین ونگ کی صدر اور بین المذاہب ہم آہنگی میں گولڈل میڈل حاصل کرنیوالی سیاسی وسماجی وویمن ورکر جوزفین کرسٹینا آف وارث پورہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین پاکستان کی آبادی کا نصف سے بھی زائد حصہ ہیں اور انہیں نظر انداز کرکے پاکستان کو کسی بھی طور ترقی نہیں دی جا سکتی اسلئے قومی ترقی کیلئے خواتین کے کردار کو سراہنے انہیں ہر فیلڈ میں آگے لانے اور ان کے سماجی و معاشی مسائل کے حل کی اشد ضرورت ہے۔
مسلم لیگ ق نے اپنے منشور میں خواتین کو خاص اہمیت دی ہے اور ہم یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اقتدار میں آنے کے بعد ہم نہ صرف خواتین کی تعلیم و تربیت کیلئے تعلیمی ادارے و تربیتی مراکز قائم کریں گے بلکہ خواتین کو سرکاری ملازمتوں میں 40 فیصد کوٹے کی فراہمی کے ساتھ بزنس لون بھی فراہم کریں گے۔
تجارتی ‘ تعلیمی ‘ طبی ‘ صنعتی ‘کاروباری اداروں کے علاوہ محافظ اداروں اور افواج پاکستان میں بھی خواتین کی صلاحیتوں سے استفادے کو مزید وسعت دی جائے گی۔