واشنگٹن: امریکی سینیٹر ڈک ورتھ نے اپنے نوزائیدہ بچے کے ہمراہ سینیٹ اجلاس میں شرکت کرکے ووٹنگ میں حصہ لیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکا کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار کسی سینیٹر نے اپنے دس دن کے بچے کے ہمراہ نہ صرف سیشن میں شرکت کی بلکہ ووٹ بھی کاسٹ کیا۔ اس عمل کے لیے سینیٹر ڈک ورتھ کو ایک دن قبل قانون سازی کرکے نوزائیدہ بچے کے ہمراہ شرکت کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
اس موقع پر خاتون امریکی سینیٹر نے کہا ہے کہ ایک سینیٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ماں کی ذمہ داری بھی نبھانے پر مسرت محسوس کر رہی ہے، میری کوشش ہوتی ہے کہ نجی زندگی سے سیاسی ذمہ داریوں پر حرف نہ آئے اور نہ ہی قانون سازی کی ذمہ داری اہل خانہ سے دوری کا باعث بنے۔ خواتین کو معاشرے میں دہری ذمہ داریاں نبھانی ہوتی ہیں۔
اس سے قبل امریکی سینیٹر اپنے نوازئیدہ بچے کے ساتھ سینیٹ اجلاس میں پہنچیں تو ساتھی اراکین نے پر جوش استقبال کیا جب کے دو ساتھی سینیٹرز نے انہیں گلے لگا کر مبارکباد بھی دی اور امریکی سینیٹ اجلاس میں شرکت کرنے والی پہلے بچے کو پیار کیا۔ اس قانون سازی کے بعد امریکی سینیٹ میں بچوں کے داخلے کی اجازت مل گئی ہے۔