کراچی میں ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والی ویمن فٹبالر شہلائلہ بلوچ کوان کے آبائی علاقے قلات میں سپردخاک کردیا گیا ۔
شہلائلہ بلوچ کی میت کراچی سے رات دس بجے آبائی علاقےقلات پہنچا ئی گئی ،قلات کے شاہی قبرستان میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں سپردخاک کردیا گیا۔
شہلائلہ بلوچ آج صبح کراچی میں ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہوگئی تھیں،شہلائلہ بلوچ سینیٹر روبینہ عرفان اورسابق صوبائی وزیرآغاعرفان کریم کی صاحبزادی اور پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی رکن تھیں ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سابق صوبائی وزیر آغا عرفان کریم اور سینٹر محترمہ روبینہ عرفان کی صاحبزادی خواتین کی قومی فٹبال ٹیم کی کھلاڑی شہلائلہ احمد زئی کے ٹریفک حادثہ میں جابحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ مرحومہ انتہائی باصلاحیت فٹبالر تھیں جنہوں نے فٹ بال کے کھیل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر بلوچستان کا نام روشن کیااور بلوچستان کے مثبت تاثر کو اُجاگر کیاان کی وفات سے بلوچستان ایک اچھے کھلاڑی سے محروم ہو گیا ہے۔