اسلام آباد(ایس ایم حسنین) ایران کی طرف سے چاہ بہار کی بندرگاہ کو بین الاقوامی تجارت کیلئے مزید فعال کرنے کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے چاہ بہار اور زاہدان کے درمیان ریلوے ٹریک بچھانے کا کام شروع کردیا ہے ، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ریلوے ٹریک روس اور بھارت کے درمیان سامان کی منتقلی کے لیے بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ چابہار کو زاہدان سے جوڑنے کے بعد یہ ریلوے ٹریک بعد میں افغانستان کے علاقے زرنجی سے جوڑا جائے گا جس سے سامان افغانستان سے زاہدان اور پھر چہا بہار کی بندرگاہ اور وہاں سے بھارت باآسانی منتقل کیا جاسکے گا۔منیجنگ ڈائریکٹر ایرانی ریلوے سعید رسولی نے کہا کہ یہ ریلوے ٹریک 628 کلومیٹر لمبا ہوگا، حکومت چابہار بندرگاہ کی گنجائش کو موجودہ 25 لاکھ ٹن سے بڑھا کر 8.5 ملین ٹن کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ ریلوے راہداری روس اور ہندوستان کے درمیان اشیاءکی نقل و حمل کے لئے بھی استعمال ہوسکتی ہے۔ چاہ بہار زاہدان ریلوے ٹریک کو خطے کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔