دبئی : پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ مفاہمتی پالیسی نے پیپلزپارٹی کو نقصان پہنچایا جب کہ ملک کو اگر وفاق کے ذریعے نہیں چلایا گیا تو مسائل ہوں گے تاہم ہمارا کوئی کام سسٹم کو غیر مستحکم کرنے کے لیے نہیں ہوگا۔
دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا کہ آصف زرداری سندھ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں تاہم ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنے اور پالیسیوں میں بہتری کی ضرورت ہے جب کہ مفاہمتی پالیسی سے پیپلزپارٹی کو نقصان پہنچا جس سے عوامی سطح میں ہمارا گراف نیچے آیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو اگر وفاق کے ذریعے نہ چلایا گیا تو مسائل ہوں گے اور اگر کوئی ادارہ اپنے کام سے تجاوز کرے گا تو کام نہیں چلے گا جب کہ رینجرز اگر دائرہ کار سے باہر کام کرے گی تو ان کو سمجھانا میرا حق بنتا ہے تاہم ہم پارلیمنٹ میں رہ جدوجہد جاری رکھیں گے اور ہمارا کوئی اقدام سسٹم کو غیر مستحکم کرنے کے لیے نہیں ہوگا۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی پر دہشتگردی کا الزام لگانا درست نہیں، ہم تو دہشتگردی کے خلاف رہے ہیں جس کی وجہ سے عام انتخابات میں ہم دہشتگردوں کے نشانے پر رہے جب کہ جو ملزم دہشتگردوں کی مدد کرتاہوں اسے سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی پی کا کسی جماعت کے ساتھ الائنس نہیں تاہم انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد بنتے رہتے ہیں جب کہ الیکشن کمیشن کے ایشو پر بہت سی جماعتیں اکھٹیں ہیں اور اس سلسلے میں مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی استعفوں اور ڈیڈلائک کی بات نہیں کی۔