کراچی (یس ڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے قصبہ علی گڑھ میں کارکن کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان چن چن کر قتل کئے جا رہے ہیں لیکن سندھ حکومت کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔
لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ روز قصبہ کالونی علی گڑھ میں ایم کیو ایم کے ایک اور کارکن رئیس عالم کو دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے قتل کیا، آئے روزکراچی میں ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان مارے جا رہے ہیں لیکن ایک طرف شہر میں آپریشن جاری ہے جبکہ دوسری جانب کالعدم تنظیمیں اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
الطاف حسین نے مقتول کارکن رئیس عالم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ دوسری جانب ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بھی رئیس محمد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اورنگی ٹاون ایم کیو ایم کے کارکنوں کیلئے نو گو ایریا بن چکا ہے۔ حکومت شہر سے کالعدم تنظیموں کا نیٹ ورک ختم کرنے کیلئے موثر اقدامات کرے۔