مدینہ: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے دورہ سعودی عرب میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ٹکٹوں کی تقسیم پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مطمئن ہوں، 90 فیصد ٹکٹ متنازعہ نہیں ہیں جو10 فیصد متنازعہ ہیں ان کو دیکھ رہے ہیں دو روز بعد متنازعہ ٹکٹوں کو ریویو کیا جارہا ہے اور کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہئیے۔ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔ تحریک انصاف نے تبدیلی لانی ہے تو وہ اقتدارمیں لے کر آئے گی اور اقتدار میں تب آئیں گے جب ہم اچھے امیدوار لائیں گے۔عمران خان نے کہا چوہدری افتخار نے 2013 میں (ن) لیگ کو جتوایا، آر اوز کو کنٹرول کر کے دھاندلی کروائی گی۔ میرے خلاف جو بھی کیا جا رہا ہے اس کے پیچھے (ن) لیگ ہے۔حال ہی میں سامنے آنے والے اسیکنڈلز کے حوالے سے پوچھے جانے والے سوال پر عمران خان نے کہا تحریک انصاف کو کسی اسکینڈل سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔واضح رہے کہ عمران خان ان دنوں اپنی اہلیہ بشریٰ مانیکا کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں موجود ہیں۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق تحریک انصاف کے کارکنوں نے ٹکٹوں کی تقسیم پر تحفظات کااظہار کر دیا۔ فیصلہ پر نظرثانی کے لئے عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں سینکڑوں کارکنوں نے احتجاج کیا اور پارٹی قیادت سے مطالبہ کیا کہ پارٹی کے لئے قربانی دینے والوں کو ٹکٹ دیئے جائیں۔ اسلام آباد میں تحریک انصاف کی میڈیا سٹریٹیجی کمیٹی کا اہم اجلاس ہفتہ کو زےر صدارت چیئرمین عمران خان منعقد ہوا اجلاس میں ڈاکٹر بابر اعوان، اسد عمر، شیریں مزاری، فیصل جاوید، شبلی فراز اور دیگر رہنماﺅں نے شرکت کی اجلاس میں ملک گیر انتخابی مہم کے میڈیا پلان پر مفصل گفتگو کی گئی اور ٹکٹوں کی تقسیم سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں ٹکٹوں سے محروم رہ جانے والے کارکنوں کیلئے مرکزی، صوبائی اور ضلعی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ کیا گیاہے۔اجلاس میں نوجوانوں، خواتین اور دیرینہ کارکنان کو انتخابی میدان میں اتارنے پر پارلیمانی بورڈ کی جانب سے خراج تحسین پیش کیا گیا ۔اجلاس کے شرکا نے اگلے مرحلے میں مزید مضبوط اور بہتر امیدوار میدان میں اتارنے پر اتفاق کیاچیئرمیں اور شرکا نے اجلاس میں امیدواروں کی نامزدگیوں پر نون لیگ کی صفوں میں پائے جانے والے اضطراب کا جائزہ لیا اور اس کے علاوہ بجلی کی طویل بندش کی شدید مذمت گئی۔ ملک گیر انتخابی مہم میں شریف خاندان کی کرپشن خصوصی طور ہر اجاگر کرنے کا بھی فیصلہ بھی آج کے اجلاس کی کاروائی کا حصہ بنا ، کیونکہ ایون فیلڈ جائیدادوں پر نواز شریف کی ملکیت پوری طرح ثابت ہو چکی ہے۔