کراچی (یس ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ لیبر ڈویژن کا ایک اجلاس لال قلعہ گرائونڈ عزیز آباد میں منعقد ہوا جس میں لیبر ڈویژن کے نجی و سرکاری اداروں کے ذمہ داران نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں 28 فروری کے سالانہ لیبر کنونشن کے حوالے سے غور وخوض کیا گیا اور انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔اس موقع پر لیبر ڈویژن کے جوائنٹ انچارجز اور سینٹرل کو آرڈی نیشن کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔ اجلاس سے ایم کیوایم لیبر ڈویژن کے انچارج کاظم رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائدتحریک الطا ف حسین ،لیبر ڈویژن کا قیام محنت کشوں اور مزدوروں کے حقوق کیلئے عمل میں لائے تھے اور لیبر ڈویژن نے الطاف حسین کے فکرو فلسفہ اور نظریئے کے مطابق جس طرح سے محنت کشوں کے مسائل حل کئے اور انہیں ان کے حقوق دلائے وہ ایک زندہ مثال ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کے موجودہ نازک ترین حالات اور دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں الطا ف حسین واحد لیڈر ہیں جو ملک کی سا لمیت اور استحکام کیلئے ہر لمحہ بے چین ہیں اور حکومت سمیت مسلح افواج کو اپنی جانب سے ایم کیوایم اور اس کے ایک ایک کارکن کی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہیں، کارکن فکری اور نظریاتی بنیادوں پر مضبوط ہے اور حق پرستی کی تحریک سے وابستہ کارکنان کیلئے ضروری ہے کہ وہ خود احتسابی کا عمل جاری رکھیں تاکہ تحریک کیلئے نئی جہتیں تلاش کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لیبر ڈویژن سے وابستہ محنت کش حق پرستی کی تحریک کا پھول ہیں جو حق پرستی کی تحریک کو متحرک رکھنے کیلئے ہمیشہ راحت اور تازگی فراہم کرتے آئے ہیں ۔ ایم کیوایم لیبر ڈویژن سالانہ کنونشن ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی بڑے پیمانے پر منائے گی جس میں عملی طور پر محنت کش ایک گلدستے کی مانند دکھائی دیں گے۔کاظم رضا نے لیبر ڈویژن کے تمام ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ لیبر ڈویژن کے سالانہ 28ویں کنونشن کی تیاریاں بھر پور انداز سے شروع کردیں اور اس سلسلے میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں ۔