لاہور(ویب ڈیسک ) ورلڈکپ کے لیے پی سی بی نے سوشل میڈیا پر قومی کرکٹرز کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق عمر اکمل اور یاسر شاہ کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد پی سی بی سوشل میڈیا کے حوالے سے اپنی گائیڈلائنز کو مزید سخت بنارہا ہے۔ آسٹریلیا کےخلاف سیریز میں کلین سویپ کے بعد ان دونوں ویڈیوز کی وجہ سے کرکٹرز پر شدید تنقید کے علاوہ ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی کی پالیسیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یاسرشاہ کی ٹک ٹوک ویڈیو پر پی سی بی کی جانب سے کرکٹرکو وارننگ دینے کے ساتھ محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، عمر اکمل کے معاملے میں یاسر شاہ کا کیس اس لیے مختلف تھا کیوں کہ عمرا کمل نے کرفیو ٹائم کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ اپنے اکاﺅنٹ سے ویڈیو اپ لوڈ کی لیکن ٹک ٹوک ویڈیو فین لڑکی نے خود اپ لوڈ کی تھی جسکے باعث پی سی بی نے عمر اکمل کی طرح یاسرکو میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ نہیں کیا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے بھی تصدیق کی کہ عمر اکمل اس ویڈیو کے اپ لوڈ ہونے پر شرمندہ ہیں،حسن علی،شاداب خان، فہیم اشرف سمیت دوسرے کرکٹرز ان سائٹس پر کافی متحرک رہتے ہیں جس کے باعث بورڈ حکام کرکٹرز کے فین کلب کے رجحان کو بھی لگام ڈالنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مجوزہ نئی گائیدلائنز کے تحت ورلڈکپ ختم ہونے تک کرکٹرز کی سرگرمیوں کو محدود کیا جائیگا،کرکٹ سے ہٹ کر کسی دوسری تقریب،دعوت اور دوست احباب کےساتھ جانے پر پابندی ہوگی،کہیں آنے جانے کےلئے ٹیم منیجر کی اجازت اور جانےکا مقصد بتانا ضروری ہوگا،کمرے میں کوئی مہمان نہیں آسکے گا،واٹس اپ،ٹوئٹر،انسٹاگرام،فیس بک پر ویڈیو،یاتصاویر لگانے سمیت کسی بھی ایشو پر رائے دینے کو بھی محدود کرنےکی تجویز زیر غور ہے۔کرکٹرز کو اجنبی افراد کےساتھ تصاویر بنوانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی ۔