کراچی (ویب ڈیسک) سابق ویسٹ انڈین کرکٹر گس لوگی کا عمران خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جیسے ٹیم کی قیادت کی ، ویسے پاکستان کی قیادت کریں گے تو فائدہ ہوگا۔ عمران خان کیلیے بطور وزیر اعظم نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ اسسٹنٹ کوچ ویسٹ انڈین ویمن کرکٹ ٹیم گس لوگی نے کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1992ورلڈ کپ میری زندگی کے یادگار واقعات میں سے ایک ہے۔ 1992کا ورلڈ کپ عمران خان نے نوجوان کھلاڑیوں کیساتھ جیتا تھا۔اس دورمیں ہمیں وقار یونس کو کھیلنا بہت مشکل ہوا کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کب وقار یونس کی گیند وکٹ کو لگ جاتی، معلوم نہیں پڑتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بڑی یادیں وابستہ ہیں۔ میں جب بھی پاکستان آیا مجھے بہت پیارملا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کرکٹ سے پیار کرنے والی قوم ہے۔ پاکستان میں کرکٹ آہستہ آہستہ واپس آرہی ہے۔ پاکستان میں پہلے چھوٹے شہروں میں بھی میچز ہوتے تھے جس سے کرکٹ کو ترقی ملی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم ہر جگہ آسانی سے گھومتے پھرتے تھے، اب تھوڑا مختلف پروٹوکول ہے۔ امید ہے جلد پاکستان میں سب کچھ پہلے جیسا ہو جائےگا۔ پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں کی سکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق ویسٹ انڈیز کرکٹر نے کہا کہ پاکستان میں کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے بہترین انتظامات ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ا مید کرتا ہوں دیگرغیرملکی ٹیمیں بھی جلد پاکستان کا دورہ کریں گی۔