ناگپور……ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے افتتاحی میچ میں نیو زی لینڈنے بھارت کو 47رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میںبھارت سے شکست نہ کھانے کی روایت کوبرقرار رکھا،ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میںکیویز کے ہاتھوں بھارت کی یہ پانچویں شکست ہے۔
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کاافتتاحی میچ یک طرفہ ثابت ہوا جس میںنیو زی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئے بھارت کو میچ میں فتح کیلئے 127رنز کا ہدف دیاجس میں،کورے اینڈرسن 34،لیوک رونچی21 اورمشل سینٹنر18رنز بناکر نمایاں رہے۔ہدف کے تعاقب میں بھارت79رنز پر ہی ڈھیر ہوگیا،اس سے قبل بھارت آسٹریلیا کے ہاتھوں74رنز پر ڈھیر ہو چکا ہے۔آج پھربھارتی بیٹسمین ریت کی دیوار ثابت ہو ئے اور یک کے بعد دیگرے اپنی وکٹیں گنواتے رہے،ایم ایس دھونی30،ویرات کوہلی23اور ایشون10رنز بناکر نمایاں رہے،باقی کوئی بیٹسمین دوہرافیگر حاصل نہ کر سکا۔نیو زی لینڈ کی جانب سے لیفٹ آرم اسپنرمچل جوزف سینٹنرنےتباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہو ئے4اوورز میں صرف11رنز دے کر4قیمتی وکٹیں حاصل کیں،یہ ان کے کیرئر کی بہترین بولنگ ہے۔میکولم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔مچل جوزف سینٹنر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،انہوں نے4وکٹوں کے علاوہ18قیمتی رنز بھی بنائے تھے۔اس سے قبل نیوزی لینڈنےبھارت کیخلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئے مقررہ20اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر126رنز بناکر127رنزکا ہدف دیا تھا۔