موہالی….پاکستان کی ٹیم کو اگر سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو کینگروز کو ہر حال میں زیر کرنا ہو گا اور پھر آسٹریلیا کو بھارت سے جیتنا ہوگا۔ کینگروز سے دو دو ہاتھ کرنے کے لیے شاہینوں نے موہالی میں پریکٹس کی۔
آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کیخلاف بھارت کی جیت کے بعد اب پاکستان کو آسٹریلیا کو نہ صرف ہرانا ہوگا ، بلکہ بھارت کیخلاف آسٹریلیا کی جیت کی امید بھی لگانی ہوگی ۔آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستانی ٹیم گروپ ٹو میں شامل ہے ، اس گروپ میں نیوزی لینڈ 6پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست اور سیمی فائنل میں کنفرم ہے ۔دوسرے نمبر پر ہے بھارت جس کے 4پوائنٹس ہیں جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے 2 ، 2 پوائنٹس ہیں۔بھارت اور پاکستان کا ایک ، ایک جبکہ آسٹریلیا کے 2میچز باقی ہیں ۔ لیکن پاکستان کا رن ریٹ اس وقت بھارت اور آسٹریلیا دونوں ہی سے بہتر ہے ۔اب پاکستان کو پہلا کام تو یہ کرنا ہے کہ وہ آسٹریلیا سے میچ جیتے اور اچھے مارجن سے جیتے تاکہ رن ریٹ کو مزید مستحکم کیا جاسکے ۔پھر دعا کرنا ہوگی کہ اتوار کو آسٹریلیا اور بھارت کا میچ مکمل ہو اور اس کا نتیجہ آسٹریلیا کے حق میں ہو ۔ایسی صورت میں پاکستان ، آسٹریلیا اور بھارت تینوں 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ برابر ہوں گے اور پاکستان بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر اگلے راؤنڈ میں جگہ بناسکتا ہے