موہالی…….بھارت نے اپنی ٹیم کی قوت کو دیکھتے ہوئے موہالی کی پچ تیار کرائی جس پر ناقابل تسخیر رن مشین ویرات کوہلی نے ایک اور میچ وننگ اننگز کھیل کر آسٹریلوی غرور کو خاک میں ملا دیا اور مسلسل دوسری بار آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
دو سال پہلے بھارت کو فائنل میں سری لنکا نے ہرایا تھا۔ بھارت نے چھ وکٹ کی پر اعتماد جیت اپنے نام کی۔ ویرات نے 51گیندوں پر82ناقابل شکست رنز 9چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے بنائے ۔دھونی 18رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔بھارت ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی واحد ایشین ٹیم ہے۔ سلو وکٹ پرآسٹریلوی بیٹنگ بڑا اسکور نہ کرسکی۔ ویرات کوہلی نے پاکستان کیخلاف پانچ وکٹیں لینے والے جیمز فالکنر کے18ویں اوور میں19رنز بناکرمیچ کو یک طرفہ بنا دیا۔ بھارتی ٹیم تیسری بار ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل بدھ کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے درمیان فیروز شاہ کوٹلہ نئی دہلی میں ہوگا۔ جمعرات کو دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کا میچ ویسٹ انڈیز سے ممبئی میں ہوگا۔ اتوار کی شب پنجاب کرکٹ اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نےچھ وکٹ پر160رنز بنائے۔ بھارت نے ہدف پانچ گیندیں پہلے پورا کر لیا۔ جیت کے ساتھ ہی موہالی اور چندی گڑھ کی سڑکوں پر جشن کا سماں تھا۔ آسٹریلیا کی ٹیم پانچ بار ورلڈ کپ جیت چکی ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی جیت کو خواب شر مندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ ویرات کوہلی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔