counter easy hit

ورلڈ ٹی 20: بھارت کو شکست، ویسٹ انڈیز فائنل میں پہنچ گیا

World T20: India

World T20: India

ورلڈ ٹی ٹونٹی کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارتی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 193 رنز کا ہدف دیا تھا۔
ممبئی: (یس اُردو) وانکھڈے سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے بھارت کے ہاتھوں سے میچ چھین لیا۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 193 رنز کا ہدف دیا تھا جو ونڈیز نے انیس اعشاریہ چار اوور میں 196 رنز بنا کر مکمل کیا۔ لینڈل سیمنز نے اپنی ٹیم کی جیت میں شاندار کردار ادا کرتے ہوئے سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں جانسن چارلس 52 اور آندرے رسل 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں نے بھارتی گیند بازوں کی ایسی درگت بنائی کہ سٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا۔ بھارت کا کوئی بھی گیند باز ویسٹ انڈٰیز کے بلے بازوں کو روکنے میں ناکام رہا۔ یوں ویسٹ انڈیز نے سات وکٹوں سے سیمی فائنل کی فتح اپنے نام کی۔ اب اس کا مقابلہ فائنل میں انگلینڈ کے ساتھ ہوگا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ ویرات کوہلی نے اس مرتبہ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور شائقین کرکٹ سے خوب داد سمیٹی۔ ویرات کوہلی نے گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط کیا۔ دیگر بلے بازوں میں روہت شرما 43 جبکہ ریہانے 40 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان مہندر سنگھ دھونی نے صرف 15 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل اور سیموئل بدری کامیاب گیند باز رہے۔ دونوں نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔