اسلام آباد(ایس ایم حسنین) قومی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ آرائی کے دوران وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری موبائل سے ویڈیو بناتے رہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران چوہدری فواد حسین نے کہا کہ شازیہ مری مسلم لیگ (ن) کے ارکان کو چور چور کے پوسٹر دے رہی ہیں۔ ”پاکستان ڈاکو موومنٹ“ کے ارکان نے آئین پاکستان کی کتاب کو ڈیسک بجانے کے لئے استعمال کیا ہے۔ اس سے آئین کی توہین ہوتی ہے، جو کام سڑک پر ہوں یہ یہاں نہ کریں۔ گزشتہ روز ان کے ارکان نے کہا کہ دستور میں ترمیم میں سنجیدگی ہو‘ یہ صرف اپنے کیسز ختم کرنے اور این آر او کے لئے کر رہے ہیں۔ عمران خان نے ان کو نہیں چھوڑنا، عمران خان نے بدلنا نہیں ان چوروں کو ان کی چوری کی سزا مل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیزوں کے ساتھ قانون سازوں کا بھی معیار ہونا چاہیے۔ چوروں کا سرغنہ لندن بیٹھا ہوا ہے اور 40 چور یہاں چھوڑ گیا ہے۔ عبدالقادر پٹیل کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر مراد سعید نے بتایا کہ ہم نے مجرموں کے پاکستان سے خاتمے کا آغاز کردیا ہے۔ اپوزیشن کو چور چور والے پوسٹر لانے کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ یہ سب چور ہیں۔یہ پوسٹر دیکھ کر نواز شریف بھی ان کو مس کریں گے۔ ان لوگوں نے استعفے دینے کی بات کی تاریخوں پر تاریخیں دے دیں۔ کیپٹن (ر) صفدر کے بھائی نے بھی ان کا کہا نہیں مانا۔ 24 ارب روپے کے قرضے ہم نے واگزار کئے۔ یہ این آر او کے لئے تاریخیں دے رہے تھے‘ ہم نے پہلی روڈ سیفٹی پالیسی لائی۔