لاہور ; متحدہ مجلس عمل سے ٹکٹوں کی تقسیم کے معا ملے پر ناراض ہونے والے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ساجد میر کو منانے اور ن لیگ کی حمایت سے روکنے کے لئے متحدہ مجلس عمل متحرک ہو گئی ۔ اس حوالے سے متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما ساجدمیر سے ملا قات بھی کر چکے ہیں،
مگر ابھی تک با ت نہیں بن سکی ۔آج نا ئب صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جما عت اسلا می سراج الحق امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث ساجد میر سے ملاقات کیلئے انکے گھر آبا ئی علا قے پسرور سیا لکوٹ میں جا ئیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے ساجد میر راضی نہ ہوئے تو متحدہ مجلس عمل بھی ساجد میر کی جما عت کے امیدواروں کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ جبکہ دوسری جانب میر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی غلامی کا سیاہ باب ختم ہونے کو ہے۔ ملی مسلم لیگ عوام میں شعور بیدار کر کے دفاع پاکستان کی زبردست تحریک کھڑی کرے گی۔ پاکستانی قوم نظریہ پاکستان کا تحفظ اور خدمت انسانیت کرنے والوں کو ووٹ دے گی۔ ملی مسلم لیگ کا پیغام گھر گھر پہنچ رہا ہے۔ اس وقت مقابلہ ملک کی حفاظت کرنے اور ملکی مفادات کا سودا کرنے والوں کیخلاف ہے۔ ہم رب کی مدد سے میدان میں آ چکے ہیں۔ہم نے پاکستان کا الیکشن لڑنا اور دشمنوں کی سازشیں ناکام بنانا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 91 کے علاقہ مین دھریمہ سٹاپ میں ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار حافظ طلحہ سعید کے انتخابی جلسے میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اللہ اکبر تحریک کے این اے 90 کے امیدوار رائے منیر کھرل، پی پی 76 کے امیدوار چوہدری معظم علی گورائیہ،دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمٰن مکی،حافظ مسعود کمال الدین، حافظ تنویر الرحمٰن، محمد ادریس ودیگر نے خطاب کیا۔
جلسے سے قبل حافظ محمد سعید ایک بڑے قافلے کی صورت میں دھریمہ مین سٹاپ پر پہنچے،موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کا ایک بڑا قافلہ ان کے ہمراہ تھا ۔ جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ 85 چک میرا آبائی علاقہ ہے جہاں سے میں نے قرآن مجید حفظ کیا تھا آپ لوگوں کا ولولہ اور جوش بتا رہاہے کہ بہت جلد اس ملک سے سیاسی غلامی کا راج ختم ہونے والا ہے۔یہ ایک سیاہ باب ہے جو ختم ہونے کو ہے،اب روشن باب دنیا دیکھے گی۔میں آپ کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں اس الیکشن کا پہلا راؤنڈ ہماری جیت ہے۔پاکستان کے دشمنوں کی کوشش تھی کہ ملی مسلم لیگ الیکشن میں حصہ نہ لینے پائے لیکن اللہ کے خاص فضل و کرم سے ملی مسلم لیگ کے تین سوکے قریب امیدوار ملک بھر میں ہیں۔ہم پہلا راؤنڈ جیت چکے ہیں۔انتخابی مہم ہمارا اگلا راونڈ ہے ہم نے جیتنا ہے اور پاکستان کا الیکشن لڑنا ہے۔ہم نے اس ملک کو مدینے والا پاکستان بنانا ہے جس بنیاد پر اس کو بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم محض کرسی یا اقتدار کے لیے نہیں بلکہ اسلام اور پاکستان کو لیکر میدان میں آئے ہیں، ۔ ہمارا بنیادی مقصد پاکستان کی عوام کو کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اکٹھا کرنا ہے۔پاکستان میں350سے زائد سیاسی جماعتیں ہیں ان پر کوئی رکاوٹ نہیں لیکن ملی مسلم لیگ کا راستہ بیرونی قوتوں کی مداخلت پر روکا گیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی عوام اس ملک کا عظیم سرمایہ ہے ۔آج 85 چک کے بڑے وڈیرے اور چوہدری ملی مسلم لیگ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔