ماں بننے کا لمحہ ہر عورت کی زندگی میں ایک ایسا احساس لے کر ابھرتا ہے کہ دنیا کی ہر خوشی اس کے آگے ماند پڑ جاتی ہے، و ہ لمحہ زندگی کی ساری خوشیوںپر غالب آجاتا ہے۔ عورت اپنے مکمل ہونے کے جو خواب دیکھتی ہے وہ اس کی تعبیر کا وقت آ پہنچتا ہے، یقیناً یہ لمحہ دلوں کو مسرتیں دینے کے علاوہ رشتوں کو مضبوط کرنے کا سبب بھی بنتا ہے۔دور حاضر میں زندگی اتنے مسائل کا شکار ہے کہ خوشی کے اس لمحے کو کبھی کبھی اپنے ہی ہاتھوں کھونا پڑ جاتا ہے، معاشی اور صحت کے مسائل اور ان کا کوئی حل نہ ہونا اس خوشی سے دور کرنے لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین اپنی صحت اور معاشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یا پھر ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق برتھ کنٹرول کی طرف جاتی ہیں اور خدا کی نعمت یعنی اولاد کو دنیا میں آنے سے روکنے کی تدابیر کرتی ہیں۔برتھ کنٹرو ل مختلف طریقوں سے کیا جاتا ہے جس میں برتھ کنٹرول گولیاں،برتھ کنٹرول امپلانٹ، برتھ کنٹرول انجیکشن، آئی یو ڈی، ٹیوبل لائگیشن اور کیلنڈر میتھڈ ۔ یہ سب طریقے کسی حد تک کامیاب ہیں لیکن برتھ کنٹرول گولیوں کے استعمال سے برتھ کنٹرول تو ہوجاتی ہے مگر دوائوں کے منفی اثرات جلد اور صحت پر مرتب ہوتے ہیں ، جو خواتین کے لیے مسائل بھی پیدا کردیتےہیں۔ انھی بیماریوں میں کچھ بیماریاں جلد کی بھی ہوتی ہیں، جن میں جھائیاں یعنی میلازما بھی ایسی ادویات کی وجہ سے چہرے پر نمایاں ہوتی ہے جس کا علاج فوری اور ضروری ہوتا ہے۔برتھ کنٹرول میلازما کا سبب: (birth control trigger melasma) ؛ انسانی صحت کا سارا نظام قدرت کے بنائے ہوئے طریقے کے مطابق چل رہا ہوتاہے اور ایسے میں اگر اس میں پانی مرضی سے کوئی تبدیلی کرلی جائے تو پھر سب کچھ متاثر ہوتا ہے اور جلد پر سب سے پہلے اس کے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔ برتھ کنٹرول بھی اسی کا ایک حصہ ہے، جس میں اولاد کے نہ ہونے کے لیے یا اسے ضائع کرنے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ایسی دوائیں جو برتھ کنٹرول کے لیے استعمال کی جاتی ہیں ان سے چہرے پر سیاہ، بھورے یا گہرے برائون دھبے ظاہر ہوتے ہیں جنھیں میلازما کا نام دیا جاتا ہے۔ ٭ میلازما کی ویسے تو اصل وجہ سورج کی تپتی ہوئی شعاعیں ہیں لیکن اور بھی وجوہات ہیں جن میں خواتین کے ماہانہ نظام میں بے اعتدالی، ہارمونز کی تبدیلی ، برتھ کنٹرول ادویات وغیرہ۔ ٭ برتھ کنٹرول کے لیے استعمال کی جانے والی ادویات کے ساتھ ڈاکٹر کے مشورے کے مطابق دودھ یا پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال میلازما جیسی بیماری سے بچا سکتا ہے۔ ٭ کچھ خواتین کا حمل بار بار ضائع ہوجاتا ہے یا پھر انھیں کسی مجبوری کے تحت ضائع کرنا پڑتا ہے ، اس سے ان کے اندر خون کی کمی ہوجاتی ہے اور پھر میلازما کی شکل میں یہ چہرے پر ظاہر ہوتی ہے۔ ٭ گرم ادویات کے استعمال سے اور وٹامن سی کی کمی سے بھی یہ صورت حال پیدا ہوتی ہے ، ایسی خواتین جو برتھ کنٹرول پر عمل پیرا ہیں، میڈیسن کھاتی ہیں لیکن وٹامنز بھرپور نہیں لے رہی تو میلازما ان پر حاوی آجاتا ہے۔ ٭ ایسی خواتین کو چاہیے کہ برتھ کنٹرول ادویات کے ساتھ ساتھ اپنی خوراک اور وٹامنز پر بھرپور توجہ دیں، تاکہ جلد اور صحت برقراررہے۔