سردار یعقوب کی منظوری کے 45 روز بعد مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہو گا جس میں شہبازشریف کو سینئر نائب صدر منتخب کرایا جائے گا۔
اسلام آباد: حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے سردار یعقوب خان ناصر کو قائم مقام پارٹی صدر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس آج پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں طلب کیا گیا ہے، راجہ ظفر الحق کی زیر صدارت ہونیوالے اس اجلاس میں سردار یعقوب ناصر کو قائم مقام صدر بنانے کے فیصلے کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ (ن) لیگ کے آئین کے مطابق سینئر نائب صدر کو ہی قائم مقام یا مستقل صدر بنایا جاسکتا ہے، شہبازشریف اس وقت (ن) لیگ کے صوبائی صدر ہیں آئینی طور پرانہیں براہ راست قائم مقام صدر نہیں بنایا جا سکتا۔
سردار یعقوب کی منظوری کے 45 روز بعد مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہو گا جس میں شہبازشریف کو سینئر نائب صدر منتخب کرایا جائے گا تا کہ آئینی تقاضے پورے ہوتے ہی انہیں پارٹی کا قائم مقام صدر بنایا جا سکے، پارٹی کے مستقل صدر شہبازشریف ہونگے، سردار یعقوب خان ناصر کا تعلق بلوچستان سے ہے، وہ صوبائی، وفاقی وزیر، کئی مرتبہ پارلیمنٹ کے رکن رہ چکے ہیں، اب بھی وہ (ن) لیگ کے ٹکٹ پر اسلام آباد سے سینیٹ کے رکن ہیں، کیونکہ وہ عام انتخابات میں جے یو آئی رہنما وفاقی وزیر مولانا امیر زمان سے الیکشن ہار گئے تھے۔ چوہدری نثار اور جاوید ہاشمی نے سردار یعقوب ناصر کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی ہے۔