لاہور: قومی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ ٹیم مینجمنٹ کو اپنی فٹنس سے مطمئن نہیں کرسکے ہیں۔
قومی ٹیم کی سری لنکا سے سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے جس میں کھلاڑی سخت پریکٹس اور فٹنس پر محنت کررہے ہیں۔ ذرائع کےمطابق قومی ٹیم کے اسپنر یاسر شاہ کو گزشتہ ماہ ٹیسٹ کے بعد فٹنس بہتر کرنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی تھی لیکن اسپنر ایک ماہ میں بھی اپنی فٹنس کے معیار کو بہتر نہیں بناسکے ہیں اور کیمپ کے دوران کوچ اور ٹرینر کو مطمئن نہیں کرسکے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ٹیم مینجمنٹ یاسر شاہ کی فٹنس سے کسی طور مطمئن نہیں ہے اور لیگ اسپنر کے متبادل پر غور کیا جارہا ہے جب کہ یاسر شاہ کو سخت پیغام دینے کے لیے ان کے متبادل کو بھی لایا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم اور سری لنکا کے درمیان سیریز رواں ماہ سے شروع ہونی ہے جس میں دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے جن میں ایک ٹی ٹوئنٹی میچ لاہور میں کھیلا جائے گا۔