لاہور……پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کو قائل کرنے میں کامیاب ہو گیاہےجس کے بعد یاسر شاہ کوکم سے کم سزا ملےگی۔
پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے آئی سی سی نے انہیں معطل کر رکھا ہے، ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے پی سی بی سے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سے یاسر شاہ کے حوالے سے کیریکٹر سرٹیفکیٹ لیا جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے یاسر شاہ کے کیریکٹر سے متعلق حلف نامہ پی سی بی کو جمع کرادیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ماضی میںکسی قسم کی ممنوع ادویات کا استعمال نہیں کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیئرمین ، چیف آپریٹنگ آفیسر اور لیگل ٹیم یاسر شاہ پر پابندی ختم یا کم کرانے کے لیے مسلسل سرگرم ہیں اور آئی سی سی کو کافی حد تک قائل بھی کر لیا ہے ، امکان ہے کہ یاسر شاہ کو 4 سال کی بجائے 3 سے 6 ماہ پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، اس میں سے ڈیڑھ ماہ پہلے ہی گزر چکاہے۔