پالے کیلی : یاسر شاہ سری لنکن ٹائیگرز کے سب سے بڑے شکاری بن گئے۔ لیگ اسپنر نے ایک سیریز میں آئی لینڈرز کی سب سے زیادہ 21وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے، انھوں نے سابق پیسر محمد آصف کو پیچھے چھوڑا ،یونس خان میزبان ٹیم کیخلاف سب سے زیادہ 29ٹیسٹ کھیلنے کے ریکارڈ پر قابض ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ سری لنکا کیخلاف کسی ایک سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولر بن گئے، لیگ اسپنر نے پالے کیلی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 4 پلیئرزکو پویلین بھیج کر اپنے شکاروں کی تعداد 21کرلی، اس سے قبل محمد آصف نے 2002میں آئی لینڈرز کی 17وکٹیں حاصل کی تھیں، یونس خان سری لنکا کیخلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی بن گئے، تجربہ کار بیٹسمین 29واں ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔
جاوید میانداد نے 28 میں شرکت کی، اپل تھارنگا نے اپنے کیریئر کے تمام 34ٹیسٹ میں بطور اوپنر کھیلنے کے بعد پہلی بار تیسرے نمبر پر بیٹنگ کی، رنگانا ہیراتھ 5سال بعد کسی ہوم ٹیسٹ میں ڈراپ ہوئے، انہیں آخری بار ویسٹ انڈیز کیخلاف 2010میں گال میںکھیلے گئے میچ میں بنچ پر بٹھایا گیا تھا، جیہان مبارک کا ڈیبیوہونے کے بعد سری لنکا نے 112ٹیسٹ کھیلے ان میں سے 11میں ہی وہ شامل تھے، انھیں اب 7سال بعد صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملا ہے۔