سابق صدر آصف علی زرداری کو فیئرٹرائل کے بعد مناسب علاج سے بھی محروم کرنا غیرانسانی فعل ہے، موجودہ حکومت آمریت کی بدترین مثال بن چکی، یاسمین فاروق
لاہور؍اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی لاہور کی پی آر او یاسمین فاروق نے پمز اسلام آباد کے ڈاکٹرز کی ہدائت کے باوجود سابق صدر آصف علی زرداری کا مکمل علاج سے روکنے پر حکومت پرشدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیئر ٹرائل سے محروم کرنے کے بعد مناسب علاج سے محروم کرنا حکومت کا غیر انسانی فعل ہے۔ حکومت اتنا ظلم کرے جتنا وہ خود بعد میں برداشت کرسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر وفاق کی علامت ہیں اور ان کی مفاہمتی پالیسی پاکستان کے دیرینہ مسائل کے حل کا سبب بنی جبکہ حکومت اور اداروں کی طرف سے ان پر ظلم وستم کا شکنجہ کسنا افسوسنا ک امر ہے ۔ مہذب ملکوں میں ایسا طریقہ روا نہیں رکھا جاتا کہ ایک آدمی کو ڈاکٹرز شدید بیمار قرار دیں اور اس کی تکلیف کے باعث اسکا علاج جاری رکھنے کافیصلہ کریں مگر اس کو جیل بھیج دیا جائے۔ حکومت اپنے بوجھ سے خود ہی گرے گی۔ یہ ظلم وستم کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائیگا۔