ٹیکسلا (جیوڈیسک) یمن سے آنے والے پاکستانیوں کی بس جی ٹی روڈ پر ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے میں سترہ مسافر زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹیکسلا منتقل کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز پی آئی اے کی خصوصی پرواز نے یمن سے بحری جہاز کے ذریعے آئے ستتر پاکستانیوں کو لاہور اور ستاون کو اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچایا تھا یمن سے آنے والے پاکستانیوں کو بس لیکر اسلام آباد سے پشاور جا رہی تھی کہ حسن ابدال کے قریب جی ٹی روڈ پر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ ایدھی ذرائع کے مطابق حادثے میں 17 مسافر زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹیکسلا منتقل کر دیا گیا ہے۔ یمن میں محصور پاکستانی گزشتہ روز پاک نیوی کے بحری جہاز اصلت کے ذریعے کراچی پہنچے تھے جہاں سے 77 پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچایا گیا جن کا تعلق پنجاب کے مختلف شہروں سے تھا۔ اس موقع پر لاہور ایئر پورٹ کی فضاء پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
واپس آنے والے افراد نے بحفاظت وطن واپسی پر وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ۔ بعد میں پی آئی اے کی خصوصی پرواز نے 57 پاکستانیوں کو اسلام آباد پہنچایا۔