واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے یمن میں فوج بھیجنے کا فیصلہ پاکستان نے کرنا ہے، ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر تشویش ہے، کراچی میں امریکی شہری پر حملے پر پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔
واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میری ہارف کا کہنا تھا وزیر خارجہ جان کیری نے پاکستانی وزیراعظم نواز شریف سے یمن اور لکھوی کی رہائی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی،،ترجمان نے کہا وزیر خارجہ کیری اور وزیر اعظم نواز شریف یمن کے مسئلے کے سیاسی حل کے حامی ہیں ، دونوں رہنماؤں نے یمن کی لڑائی کے پھیلنے کی مخالفت کی اور مذاکرات پر زور دیا ہے۔
انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان یمن فوج بھیجے ، وزیر خارجہ کیری نے لکھوی کی رہائی پر تشویش کا اظہار کیا ۔ کراچی میں امریکی شہری پر حملے کے حوالے سے ترجمان نے کہا پاکستانی پولیس تفتیش کر رہی ہے ۔ قونصل جنرل پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔