کراچی (جیوڈیسک) بلاول ہائوس کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں سابق صدر آصف علی زرداری، اسفند یار ولی، ڈاکٹر فاروق ستار، سید سردار، راشد محمود سومرو اور اسرار اللہ زہری شریک ہوئے۔
اجلاس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اور اے پی سی بلانے کی سفارش کی گئی جسے اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔ آصف زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یمن کی صورتحال پر تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیا جائے۔ جنگ میں شمولیت اور فوجی دستے بھیجنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرنا ہوگا۔ اس اہم مسئلے پر تحریک انصاف کیساتھ بھی مشاورت چاہتے ہیں. آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی سالمیت عزیز ہے لیکن خطے کا امن بھی مقدم رکھنا چاہیے۔
اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے سابق صدر زرداری نے کہا کہ اسلامی ممالک میں آگ لگی ہوئی ہے۔ یمن صورتحال اور خطے کی سیکورٹی خطرے میں ہے۔ یمن کی صورتحال پرپاکستان اہم کردارادا کر سکتا ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ یمن کے معاملے پر قومی پالیسی وضع کرنے کے لئے حکومت کو سب کو ساتھ بٹھانا چاہیے۔ قومی پالیسی کے بعد اگر کوئی نتائج نکلیں گے تو پھر سب ہی ذمہ دار ہونگے۔ یمن کی صورتحال پر پوری قوم کوتشویش ہے۔ ذمہ داری کیساتھ قومی پالیسی وضع کرنی چاہیے۔