اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت پاکستان نے یمن میں محصور پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کیلیے یمن کے پڑوسی ممالک سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
تاکہ ان محصور افراد کو بغیر ویزے کے زمینی راستوں سے نکالا جا سکے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یمن سے پاکستانیوں کا محفوظ انخلا اولین ترجیح ہے۔
ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں تسنیم اسلم نے کہا کہ یمن میں مرکزی ایئر پورٹس بند ہیں اور زمینی راستے بھی غیر محفوظ ہیں۔ اس لئے انخلا میں مسائل کا سامنا ہے۔
کئی ملکوں کے شہری یمن میں پھنسے ہوئے ہیں اور پاکستان کادفتر خارجہ ان تمام ملکوں سے رابطے میں ہے تاکہ محصور افراد کو مشترکہ قافلوں کی شکل میں مکمل سیکیورٹی میں نکالا جا سکے۔
اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے دفتر خارجہ کو احکامات جاری کیے تھے کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کامحفوظ انخلا یقینی بنا یا جائے۔