counter easy hit

یمن سے آنے والے 134 مسافر خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچ گئے

Pakistani

Pakistani

کراچی (جیوڈیسک) پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت یمن میں پھنسے پاکستانیوں سمیت 182 غیر ملکیوں کو لے کر پاکستان پہنچ گیا جب کہ 134 مسافروں کو خصوصی پرواز کے ذریعے لاہور پہنچا دیا گیا۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کرآنے والا پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس اصلت کراچی پہنچ گیا۔ جہاز میں 146 پاکستانی اور ہمسایہ ملک بھارت سمیت 36 غیرملکی مسافر شامل تھے جن کا استقبال پاک بحریہ کے ریئرایڈمرل مختار خان جدون نے کیا۔

جنگ زدہ ملک یمن سے کراچی پہنچنے پر جہاں پاکستانیوں کے چہرے خوشی سے شاداں تھے وہیں غیر ملکیوں کی بھی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں تھا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بھارتیوں سمیت دیگر غیرملکی مسافروں نے یمن سے واپس لانے پر حکومت پاکستان اور پاک بحریہ کا شکریہ ادا کیا جب کہ بھارتی مسافر تو پاکستانی پرچم ہاتھ میں اٹھائے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگاتے رہے۔

اس موقع پر مشن کمانڈر کموڈور زاہد الیاس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے یمن میں پھنسے 182 افراد کو بحفاظت پاکستان پہنچا دیا ہے اور اس کے لئے ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں کامیاب کیا، آئندہ بھی جہاں ضرورت پڑی ہم وطنوں کیلئے حاضر ہوں گے۔

ہماری تمام ہمدردیاں یمن میں پھنسے ہم وطنوں کے ساتھ ہیں، یمن میں پھنسے مزید پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے ایک اور جہاز روانہ کردیا گیا ہے، تمام وسائل لگا کر یمن سے پاکستانیوں کو واپس لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن میں موجود بھارتی شہریوں نے پہلے ہمارے ساتھ آنے میں ہچکچاہٹ محسوس کی تاہم بعد میں وہ ہمارے ہمسفر بن گئے۔

دوسری جانب پاک بحریہ کا ایک اور جہاز پی این ایس شمشیر یمن میں پھنسے 36 پاکستانیوں اور 15 غیر ملکی باشندوں کو الحدیدہ سے کامیابی کے ساتھ نکالنے کے بعد جبوتی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ غیر ملکی باشندوں میں بنگلا دیش کے 4 ، رومانیہ اور یمن کے 2 ، 2 ، قطر کے 3 جب کہ ایتھوپیا ، جرمنی ، فلپائن اور برطانیہ کا ایک ایک شہری شامل ہے۔ شمشیر آج جبوتی کی بندرگاہ پہنچ جائے گا جہاں سے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔

واضح رہے کہ حکومت کی کوششوں سے اب تک 900 سے زائد پاکستانیوں کو یمن سے وطن واپس لایا جاچکا ہے۔