اسلام آباد (جیوڈیسک) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس (کل) پیر کوسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا، اجلاس میں یمن کی صورتحال پر بحث اور پاکستان کی طرف سے سعودی عرب فوج بھجوانے کے حوالے سے فیصلہ کیا جائیگا۔
اجلاس میں وزیراعظم نوازشریف یمن کی صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی کو لاحق خطرات کے حوالے سے ایوان اور قوم کو اعتماد میں لیں گے۔ سید خورشید شاہ، بیرسٹر اعتزاز احسن سمیت دیگر پارلیمانی قائدین سعودی عرب کی مدد کیلئے فوج بھجوانے کے حوالے سے اپنی سیاسی جماعتوں کا موقف بیان کریں گے۔
تحریک انصاف (آج) اتوار کو مشترکہ اجلاس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کریگی۔ اجلاس میں شرکت کے فیصلے کی صورت میں عمران خان سعودی عرب فوج بھجوانے کے بارے میں تحریک انصاف کی پالیسی واضح کریں گے۔