counter easy hit

یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو لانے کے لیے پاک بحریہ کا جہاز آج مکلا پہنچے گا

Pakistan Navy Ship

Pakistan Navy Ship

اسلام آباد (جیوڈیسک) یمن میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے طیارے کی روانگی موخر ہو گئی ہے۔ پاک بحریہ کا جہاز پاکستانیوں کو لانے کے لئے آج صبح مکلا پہنچے گا۔

ائرلائن ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کے طیارے کی یمن روانگی موخر کر دی گئی ہے۔ پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے طیارہ اب آج صبح روانہ ہوگاجو جبوتی سے پاکستانیوں کو وطن واپس لائے گا۔

200 سے زائد محصورپاکستانی چینی بحری جہاز کے ذریعے یمن سے جبوتی پہنچیں گے اور پی آئی اے کا طیارہ پاکستانیوں کو جبوتی کی بندرگاہ سے وطن واپس لائے گا۔

دوسری جانب ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ بحریہ کا جہاز آج صبح یمن کے شہر مکلا پہنچے گا اور وہاں محصور پاکستانیوں کو لے کر واپس لوٹے گا۔ ذرائع کے مطابق مکلا میں اس وقت تقریباً ڈھائی سو پاکستانی موجود ہیں۔