کراچی (جیوڈیسک) یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے پی آئی اے کا تیسرا خصوصی طیارہ صنعا کے لئے روانہ ہو گیا ہے۔
یمن کے دارالحکومت صنعا میں پھنسے 170 سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے پی آئی اے کا خصوصی طیارہ کراچی سے روانہ ہو گیا ہے، طیارے میں کیپٹن اور فرسٹ آفیسر سمیت عملے کے 9 افراد شامل ہیں جو پاکستانیوں کو لے کر شام 6 بچے وطن واپس پہنچے گی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق صنعا کی مخدوش صورت حال کے باعث طیارے کو زیادہ دیر تک رکنے کی اجازت نہیں اس لئے مسافروں کو اپنے ساتھ صرف دستی سامان رکھنے کی اجازت ہو گی۔
واضح رہے کہ یمن سے تقریبا 3 ہزار پاکستانی محصورین کو وطن واپس لانے کے لئے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے اور 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے اب تک 679 ہم وطنوں کو بحفاظت لایا گیا ہے جب کہ بحری جہاز کے ذریعے 150 پاکستانی یمن کے شہر مکلا سے کراچی کے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔