اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حرب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے یمن کی جنگ میں شرکت کی تو یہ ہمیں جلا کر راکھ کر دے گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ یہ بات بالکل ٹھیک ہے کہ سعودی عرب ہمارا برادر اسلامی ملک ہے اور اس کے ساتھ ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں لیکن پاکستان کو یمن کی جنگ میں شریک نہیں ہونا چاہیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یمن کی جنگ میں شرکت ہمیں جلا کر رکھ دے گی، یہ جنگ ہم سب کو تباہ کر دے گی، کسی کے گھر میں آگ لگائیں گے تو اپنے گھر میں ہی آگ لگ جائے گی۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے لیکن پتہ نہیں ہم کیوں خاموش رہیں، اس جنگ میں پاکستان کا کردار کشیدگی کو کم کرنے والا ہونا چاہیئے اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔