صنعاء………یمنی فوج اور عوامی مزاحمت سے تعلق رکھنے والی فورسز نے دارالحکومت صنعا کے نزدیک واقع تزویراتی اہمیت کی حامل ایک اہم بیس پر دوبارہ قبضہ کر لیا ۔
غیرملکی ٹی وی کے مطابق صنعا کے نزدیک واقع فرضۃ نیم کیمپ کی حاصل کی گئی تصاویر میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجیوں کی اس فوجی تنصیب میں تباہ کاریوں کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔قبل ازیں اتحادی فورسز نے صنعا سے شمال میں واقع صوبے عمران کے ضلع حرف سفیان میں حوثی ملیشیا کے کیمپوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا تھا۔اتحادی طیاروں نے یمن کے جنوبی صوبہ ضالع میں بھی حوثی باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی ۔دریں اثناء یمنی فوج کےنئے ڈپٹی سپریم کمانڈر جنرل علی محسن الاحمر نے اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 2216 کے تحت حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار فوجیوں کے خلاف لڑائی جاری رکھنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔انھوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کی زیرکمان فوج حوثی باغیوں کے قبضہ میںموجود دوسرے علاقوں کو بھی آزاد کرا لے گی۔