راولپنڈی (ویب ڈیسک) حکومت پاکستان نے برطانیہ کو مطلوب اڈیالہ جیل میں قید سات افراد کے قتل میں مطلوب ملزم کو نیشنل کرائم ایجنسی انگلینڈ کے حوالے کردیا۔ ملزم کو لے جانے کےلئے آنے والے خصوصی طیارے کے ذریعے برطانیہ میں غیر قانونی قیام پر ڈی پورٹ کئے گئے 30 پاکستانی بھی اسلام آباد پہنچا دیئے گئے،
جنہیں ایف آئی اے امیگریشن نے پوچھ گچھ کے بعد اپنے اپنے گھروں کو جانے کی اجازت دے دی، بعد ازاں ایف آئی اے نے ملزم شاہد محمود ولد محمد یونس سکنہ گوجر خان جو برطانوی پاسپورٹ ہولڈر تھا اس کو برطانیہ کی ٹیم کے حوالے کردیا جو اسے خصوصی پرواز سے لے گئی۔ ملزم اڈیالہ جیل میں پابند سلاسل تھا جس کی حوالگی کےلئے برطانوی حکومت نے پاکستان کو درخواست دی تھی جو منظور کر لی گئی ملزم شاہد محمود کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے لے جانے کےلئے برطانوی ٹیم پاکستان پہنچی تھی ملزم شاہد محمود پر برطانیہ میں کریمنل ٹرائل کیا جائے گا، ایف آئی اے نے اڈیالہ جیل میں قید ملزم شاہد محمود کو ایکسٹراڈیشن ایکٹ1972 ءکی دفعہ11 کے تحت برطانوی حکومت کے حوالے کیاجو بدھ کے روز دن دو بجکر50 منٹ پر اسلام آباد انٹر نیشنل ائرپورٹ سے برطانےہ روانہ کردیا گیا ۔ ملزم شاہد محمود کو برطانوی شہر لیڈز کی عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ ملزم کو پاکستان برطانیہ حکومتوں کے درمیان طے پانیوالے مجرموں کے تبادلہ کے تحت حوالے کیا گیا۔ برطانیہ سراغ رساں ٹیم کے سربراہ نک والٹر نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستانی اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان تھک محنت کر کے برطانوی پولیس کی مدد کیاور ملزم کی حوالگی کا عمل بلا رکاوٹ مکمل ہوا۔ پاکستان نے تحویل مجرمین کے معاہدے کے تحت آٹھ افراد کے قتل میں مطلوب ملزم کو برطانیہ کے حوالے کر دیا۔ واضح رہے کہ پاکستان سے مجرمان کی بیرون ملک منتقلی کا یہ دوسرا کیس ہے۔اس سے قبل مئی 2016 ءمیں محمد زبیر نامی شخص کو قتل کے الزام میں برطانیہ بھجوایا گیا تھا۔برطانیہ کے وزیر داخلہ ساجد جاوید نے کہا ہے کہ پاکستان کیساتھ اس کی ترجیحات پر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں‘بریگزٹ دونوں ممالک کو اپنے تعلقات مضبوط کرنے کیلئے ایک موقع فراہم کرے گا‘پاکستان کےساتھ دوستانہ تعلقات تجارت، عوامی اور دیگر کئی پہلوو¿ں کی سطح پر مضبوط ہونے جارہے ہیں۔بدھ کے روز پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ساجد جاوید کا کہنا تھا میرا پاکستان کا دورہ بہترین تھا۔ یہ ہمارے تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے واقعی ایک اچھا موقع تھا۔ برطانیہ کے پاکستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا پاکستانی حکام کےساتھ ان کی ترجیحات پر کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ساجد جاوید نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے سربراہ الطاف حسین اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں کی ممکنہ حوالگی سے متعلق پوچھے گئے ایک صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ برطانیہ میں رہتے ہیں اور اپنے ملک کو مطلوب ہیں۔