اسلام آباد (ویب ڈیسک) اتحاد علماء افغانستان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خط لکھ ڈالا ، اتحاد علماء افغانستان نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے نام لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ مملکت خداد میں سود اور رباء کا منحوس عمل بند، پاکستان میں اتوار کی بجائے جمعہ کو تعطیل کا اعلان
اور جرائم کی روک تھام کیلئے ہر صوبے میں اسلامی دارالقضاء قائم کیا جائے۔ ختم نبوت کے قانون میں کسی قسم کی ردو بدل نہ ہو اور نہ اس سے روگردانی کی جائے‘ توہین رسالت کی روک تھام کو عالمی قوانین کا حصہ بنایا جائے‘ مدارس دینیہ کا عالمی سطح پر دفاع کیا جائے اور نصاب اور نظام میں سیاسی اور حکومتی دست اندازی نہ کی جائے‘ افغانستان میں موجود امریکی اور ان کے حواریوں کی ہر قسم کی امداد کو ممنوع قرار دیا جائے‘ افغان مہاجرین کی اجتماعی مشکلات کو مد نظر رکھا جائے اور ان کو واپس جانے پر مجبور نہ کیا جائے ‘ ہر قسم کی مشکلات کی روک تھام کیلئے ملکی علماء کرام کے ساتھ رابطے میں رہیں اور ان کے مقدس مشوروں سے ملت اسلامیہ کے مفاد میں استفادہ کیا جائے۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ فوجداری نظام انصاف کی اصلاح اور شہریوں کی آسان اور فوری انصاف تک رسائی کو یقینی بنانا تحریک انصاف کی حکومت کے ایجنڈا میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، حکومت ایسا نظام وضع کرنے کیلئے پرعزم ہے جس سے شہریوں اور عدلیہ کو انصاف کی تیز تر فراہمی میں سہولت ہو۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو
وزیراعظم چیمبر میں وزارت قانون و انصاف پر بریفنگ کی صدارت میں کہی۔ وزیر قانون نے موجودہ نظام انصاف میں مختلف طریقہ جاتی اور قانونی رخنوں جو عوام کو انصاف کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کا سبب بنتے ہیں، کی نشاندہی کرتے ہوئے دیوانی مقدمہ بازی میں اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر قانون نے وزیراعظم کو فوجداری قوانین کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور فوجداری مقدمات میں بہتر تفتیش اور استغاثہ کیلئے تکنیکی حل بروئے کار لانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر قانون نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ قوم سے وزیراعظم کے کئے گئے وعدے کے مطابق موجودہ حکومت کے اولین 100 روز کے اندر مقرر کردہ مدت کے ساتھ آئندہ کے لائحہ عمل کے حامل جامع اصلاحاتی پیکیج کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وزیراعظم سے مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام کے وفد نے ملاقات کی جس میں مدارس کے کردار، خدمات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علماءکرام نے کہاکہ اللہ تعالیٰ آپ کو قوم کی توقعات پر پورا اترنے میں کامیاب کرے۔ وزیراعظم نے حکومتی اقدامات کی حمایت پر علماءکرام کا شکریہ ادا کیا۔