لاہور : آج سے سترہ برس قبل 28 مئی 1998ء کے دن پاکستان چاغی کے پہاڑوں میں پانچ ایٹمی دھماکے کر کے اسلامی دنیا کی پہلی اور اقوام عالم کی ساتویں ایٹمی قوت بن گیا تھا۔ 28 مئی 1998 جمعرات کے دن سہ پہر 3 بج کر 16 منٹ پر یکے بعد دیگرے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان نے دشمن ملک بھارت کی برتری کا غرور خاک میں ملا دیا۔
اس کے ساتھ ہی پاکستان ایٹمی قوت رکھنے والا دنیا کا ساتواں اور عالم اسلام کا پہلا ملک بن گیا۔ چاغی میں ہونے والے دھماکوں کی قوت بھارت کے 43 کلو ٹن کے مقابلے میں 50 کلو ٹن تھی۔ بھارت نے 11 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی سلامتی اور آزادی کے لئے خطرات پیدا کر دیئے تھے جس کا جواب ایٹمی دھماکوں سے ہی دیا گیا۔
امریکی صدر کلنٹن، برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر اور جاپانی وزیراعظم موتو نے پاکستان پر دباﺅ ڈالا کہ پاکستان ایٹمی دھماکا نہ کئے جائیں ورنہ اس کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کر دی جائیں گی لیکن حکومت پاکستان نے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے 28 مئی 1998ء کو ایٹمی دھماکے کر کے قومی تاریخ کا انمٹ باب رقم کر دیا۔
اس موقع پر ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام خصوصی تقاریب، سیمینارز اور کانفرنسز کا اہتمام کیا جائے گا جس سے خطاب کے دوران مقررین ایٹمی دھماکوں کے تناظر میں محسن ملک و قوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان، ذوالفقار علی بھٹو اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔
ملک بھر کے تمام شہروں میں ایٹمی قوت بننے کے حوالے سے سالگرہ کے کیک کاٹے جائیں گے اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی جبکہ پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔