لاہور کے سروسز اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال آج دوسرے روز بھی جاری ہے جب کہ دیگر شہروں میں ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال شروع کردی ہے۔
سینٹرل انڈکشن پالیسی واپس لینے اور دیگر مطالبات کے لیے لاہور کے ینگ ڈاکٹرز نےگزشتہ روز ہڑتال کا اعلان کیا تھا جو آج دوسرے روز میں داخل ہوچکی ہے۔ لاہور کے سروسز اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث دوسرے شہروں سے آئے مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ اس کے علاوہ فیصل آباد، رحیم یار خان اور ملتان کے اسپتالوں میں بھی ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر اتر آئے ہیں۔
فیصل آباد کے الائیڈ اور سول اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں کام بند ہے، اسپتال کی او پی ڈیز، ان ڈور اور ایمرجنسی میں بھی ڈاکٹرز موجود نہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات در پیش ہیں۔ رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال میں بھی ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر بیٹھے ہوئے ہیں جب کہ ملتان کے نشتر اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز نے ہڑتال کردی ہے۔ دوسری جانب پشاور میں بھی ینگ ڈاکٹرز ہڑتال کررہے ہیں، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز نے احتجاجی ریلی نکالی اور اپنے مطالبات کے حق میں کیمپ بھی لگا رکھا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے گزشتہ ہفتے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں گرفتار ہونے والے ینگ ڈاکٹرز کے خلاف مقدمات ختم کرنے اور معطل ڈاکٹروں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔