کراچی: حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز یونس خان کا وطن پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔
یونس خان کراچی ایئرپورٹ پہنچے تو عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر شاہی سید اور کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے ریکارڈ ساز قومی بلے باز کا والہانہ استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔
اس موقع پر یونس خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لئے کھیلنا فخر اور کرکٹ میری پہچان ہے، سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوانوں کو کرکٹ سکھانا چاہتا ہوں، سیاست میں آ کر اپنے تجربے کو ضائع نہیں کرنا چاہتا۔ واضح رہے کہ یونس خان نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریزمیں 10 ہزار رنز مکمل کرکے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے شکست دی تھی۔