اسلام آباد : سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کرپشن کے مختلف مقدمات میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے ہائی کورٹ میں 8 درخواستیں دائر کردیں ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر راجہ علیم عباسی ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئیں درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے کرپشن کے مقدمات میں ان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے حفاظتی ضمانت منظور کی جائے تاکہ وہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہوسکیں۔
واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی اور مخدوم امین فہیم سمیت دیگر افراد کے خلاف ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں متعلق بدعنوانی کے کئی مقدمات درج ہیں۔ گزشتہ ہفتے ایف آئی اے کراچی کی انسداد بدعنوانی عدالت میں 12 مقدمات کے حتمی چالان پیش کیے تھے جس پر عدالت نے دونوں شخصیات کو گرفتار کر کے 10 ستمبر کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔